علی گڑھ، 18/جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہئ ہندی میں اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹررحیلہ رئیس کو ساہتیہ منڈل ناتھ دوارا، راجستھان نے ہندی ادب کے باوقار اعزاز ”کسماکر“کی اعزازی ڈگری سے سرفرازکیاہے۔ڈاکٹر رحیلہ رئیس کویہ اعزازراجستھان برج بھاشااکادمی جے پور اور ساتیہ منڈل ناتھ دوارا نے بھگوتی پرساد دیو پورا کی یاد میں منعقدہ دو روزہ قومی اعزازی تقریب میں کہانی نویسی اور قومی زبان ہندی کے میدان میں ان کے قابلِ ذکر تعاون پر پیش کیا ہے۔ اعزازکے طورپرڈاکٹررحیلہ رئیس کوتوصیفی سند، موتیوں کی مالا، شال اتیرن پگڑی اور شری ناتھ جی کی تصویر پیش کی گئی۔یہ اعزازابھرتے ہوئے ادیبوں کو پیش کیاجاتاہے۔ڈاکٹر رحیلہ رئیس کی کہانیاں مختلف رسائل میں شائع ہوچکی ہیں جن کو ادبی دنیا میں کافی سراہا گیا۔ اس کے علاوہ ان کے مضامین اور تحقیقی مقالات مختلف رسائل و جرائد اور کتب میں شائع ہوچکے ہیں۔ ان کی متعدد ترجمہ کی ہوئی کہانیاں بھی شائع ہوچکی ہیں۔